تحریک انصاف ہم خیال گروپ کا عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان

Published On 14 February,2022 05:56 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ہم خیال گروپ نے اپوزیشن کی عدم اعتماد تحریک کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تحریک انصاف ہم خیال گروپ کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کے اعلامیہ کے مطابق ارکان پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک پنجاب میں آئی تو ناکام ہو گی۔

ہم خیال گروپ نے بلدیاتی نظام میں ترامیم کے لئے تین مطالبات کر دیئے، مطالبات میں میئر کا انتخاب براہ راست کے بجائے بالواسطہ کروانے، بلدیاتی نظام میں تحصیل کونسلیں بحال کرنے، ٹاؤن کمیٹیاں اور میونسپل کمیٹیوں کو بحال کرنا شامل ہیں۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان پر مشتمل نیا گروپ سامنے آیا اور سپرمیسی آف پارلیمنٹ کے نام پر بننے والے گروپ نے اپنا اجلاس بلایا تھا۔

ذرائع کے مطابق گروپ نے اپنی ہی حکومت کے بلدیاتی بل پرتحفظات کااظہار کیا تھا، 15ارکان پر مشتمل ارکان اسمبلی کے گروپ میں آزاد ارکان بھی شامل تھے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ سپرمیسی آف پارلیمنٹ کے نام سے بننے والے گروپ نے مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی سے بھی رابطوں کادعویٰ کیا تھا۔

گروپ ذرائع کے مطابق ترجمان سپرمیسی آف پارلیمنٹ غنضفر عباس شاہ نے کہا تھا کہ  تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، سیاسی صورتحال کاجائزہ لیں گے اور جہانگیر ترین گروپ سے ہمارے گروپ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

Advertisement