جرائم کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کروں گا: مراد علی شاہ

Published On 21 February,2022 05:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کروں گا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کراچی میں سٹریٹ کرائمز کا بڑھ جانا تشویشناک ہے، صورتحال سے خود اور حکومت کو بری الزمہ قرار نہیں دے رہا لیکن ملکی معاشی حالات کی وجہ سے بھی جرائم میں اضافہ ہوا ہے، افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہم بھی بھگت رہے ہیں۔ شہر کے امن و امان کے حوالے سے اجلاس طلب کیا ہے، جسمیں اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے اور امن وامان کی بہتری کے لیے فیصلے کیے جائیں گے اور پولیس کو مزید ہدایات دی جائیں گی، اگر پولیس کی کوئی کوتاہی ہوگی تو ان کو سزا بھی دینگے، اطہر متین کی موت پر افسوس ہے، مجھے ہر حال میں عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانا ہے، اس حوالے سے کچھ سخت اقدامات کروں گا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان سے صوبوں کو تقریباًٰ نکال دیا گیا، کچھ عرصہ پہلے آئی جی کی مشاورت سے تبدیلی لائے تھے، کراچی پولیس سے کہا ہے تجاویز میرے پاس لائیں، کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیےاقدامات کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج دنیا میں مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، کراچی شہر میں ہر ملک کے شہری موجود ہیں، اور صوبے میں جو بھی مادری زبانیں بولی جاتی ہیں ان کا ہم احترام کرتے ہیں، ہم سندھ میں تمام بولی جانے والی زبانوں کی ترقی کیلئے کام کریں گے، ماحولیات کو تحفظ دینا بھی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
 

Advertisement