کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی میزبانی میں چھٹی صوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء، کورکمانڈر کراچی سمیت صوبائی وزراء اور اعلی حکام نے شرکت کی، اجلاس میں نالوں کی صفائی سمیت مختلف ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا، اسد عمر، امین الحق، کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل محمد سعید، صوبائی وزرا سعید غنی، ناصر شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب، چیف سیکریٹری سندھ سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی، اجلاس میں گجر اور اورنگی نالوں کی صفائی ، کے ایم سی کے 25 نالوں کی بحالی پر بریفننگ میں بتایا گیا کہ گجر اور اورنگی نالوں کی صفائی کا کام تقریباْ مکمل ہوچکا ہے اور فیصلہ کیا گیا کہ اورنگی اور گجر نالوں کیلئے رائیٹ آف وے برقرار رکھا جائے گا جس سے دونوں اطراف سڑک تعمیر ہوجائے گی جو ٹریک کیلئے استعمال ہوگی۔
کے ایم سی کے 25 نالوں سے متعلق این ای ڈی نے پلان بناکر دیا ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ محمود آباد، گجر اور اورنگی نالوں سے تجاوزات ہٹانے اور بحالی کیلئے این ڈی ایم اے نے 1.2 ارب روپے جاری کئے ہیں، اجلاس میں کے فور منصوبہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور کچرے سے بجلی کی پیداوار منصوبے، ریڈ لائن، ماڑیپور ایکسپریس وے اور دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ کے فور منصوبہ اب واپڈا کر رہا ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا کے اس میں ہائی وے، ریلوے لینڈ، پی کیو اے، پاکستان اسٹیل مل کو رائیٹ آف وے دینا ہوگا، اجلاس میں وفاقی حکومت نے یہ سہولیات دینے پر رضامندی ظاہر کی۔