'سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل،فروری،مارچ میں پولنگ کی درخواست کی جائیگی'

Published On 26 December,2021 09:30 pm

لاڑکانہ :(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، الیکشن کمیشن سے فروری یا مارچ میں پولنگ کی درخواست کی جائے گی،گرین لائن منصوبے میں نہ نواز حکومت نے ساتھ دیا اور نہ ہی تبدیلی سرکار نے ، دونوں جماعتیں سندھ میں کام کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس مہنگائی نے عوام کو پیس کر رکھ دیا ہے ، اس سال جلسے میں گذشتہ سالوں سے زیادہ عوام شرکت کریگی ،بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں اوربلدیاتی قانون بھی بنا لیا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے گذارش کی ہے کہ فروری مارچ میں انتخابات کرائے جائیں،سیاسی جماعت سے بات کرنے میں کوئی ہرج نہیں ہے ،ایم کیو ایم سے اتحادی حکومت کا ہمارا تجربہ صحیح نہیں رہا ،جو ایم کیو ایم کے نمائندگان ہیں وہ الطاف حسین کو نہیں مانتے اور عمران خان الطاف حسین کو مان رہا ہے ۔

وزیر اعلی سندھ نے مزید کہا کہ گرین لائن منصوبے میں نواز شریف حکومت نے ساتھ دیا نہ عمران خان حکومت نے ،دونوں جماعتیں سندھ میں کام کرنے کو تیار نہیں ،وزیر اعظم نے شروع میں دورہ کیا اور وعدہ کیا کہ تین ماہ میں کام کریں گے مگر تین سال گذر گئے کوئی کام نہیں ہوا۔
 

Advertisement