اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہر بات کی ذمہ داری ہم پر ڈال دی جاتی ہے، پھر وفاق بھی ہمارے حوالے کر دیں، سب جانتے ہیں تحریک انصاف کیسے آئی، اب ہواؤں کا رخ بدل گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیک ڈور سے نہیں آئیں گے، ہمیں عوام پوری ذمہ داری دیں گے، حکومت پہلے کام خراب کر کے پھر اسے ٹھیک کرنے پر مبارکباد چاہتی ہے، احتجاج والا معاملہ بہتر طریقے سے ہی ہینڈل ہو سکتا تھا، مسائل کا حل ایک ہی ہے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بیٹھیں، اس حکومت کو گورننس نہیں آتی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد ہو، سنا ہے وزیراعظم صاحب نے کہا یہ ان کی وجہ سے ٹیم ایسا کھیلی، میں نے پہلے ہی کہا تھا سب سے آئیڈیل کام ان کیلئے کرکٹ ٹیم چلانا ہی ہے، ہماری حکومت آئی تو عمران خان کو کرکٹ بورڈ میں رکھیں گے۔