سیاسی گیم پلان یا چھٹیاں؟ مراد علی شاہ، بلاول امریکا روانگی کے لیے تیار

Published On 03 July,2021 08:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سیاسی گیم پلان یا چھٹیاں اور آرام ؟ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری امریکا روانگی کے لیے تیار ہو گئے۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ امریکا روانہ ہونگے، وزیراعلیٰ کل ایک ہفتے کے لیے انکل سام کے دیس جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری بھی چند روز بھی امریکا جائیں گے، دونوں نجی دورے پر بیرون ملک جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ دور روز قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ امریکی دورے کے دوران جوبائیڈن کے ساتھ ملاقات کوئی پروگرام نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل بھی امریکا اور برطانیہ کے دورے کی تیاری کررہی ہیں، وہ دورے کے دوران 29 روز تک ملک سے باہر رہیں گی اور ان کا دورہ بھی نجی دورہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری سی وی لے کر امریکا جا رہے ہیں: شہباز گل

اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما و اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اپنا سی وی لے کر واشنگٹن جارہےہیں، وہ امریکا کے تمام مطالبات ماننے کو تیار ہیں لیکن اب وقت بدل چکا ہے،ان کی نوکری پکی نہیں ہونے دیں گے۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سارا کھاتہ مشرف کے زمانے پر ڈال دیتے ہیں، کونڈولیزا رائس نے لکھا کہ مشرف اور بینظیر کے درمیاں ڈیل کرائی، وجہ آمریکا کے مفادات کا تھا، یہ کتاب چھپ چکی ہے، اس کو کہیں چیلنج نہیں کیا گیا، ڈیل کا نتیجہ یہ نکلا کے 340 ڈرون اٹیک ہوئے، مشرف کے دور میں 13 ڈرون اٹیک ہوئے،مسلم لیگ ن کے زمانے میں 61 حملے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وکی لیکس میں آچکا ہے جسے بھی کسی نے چیلنج نہیں کیا ریمنڈ بیکر کی کتاب میں لکھا ہوا ہے کہ یہ معاہدے کیوں کیے یہ ساز باز اس لیے کی گئی کہ ان کی منی لانڈرنگ کا پیسہ جو ایان علی کے ذریعے باہر جاتے تھے اسے تحفظ دینا تھا، بلاول زرداری واشنگٹن میں تمام متولیوں کے ساتھ یہ کہنے کے لیے جارہے ہیں کہ عمران خان سے آپ نے اڈے مانگے تو انہوں نے آپ کو منع کیا تو میں ہوں نہ میں آپ کو اڈے دوں گا۔ عمران خان نے کہا بالکل بھی نہیں دیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کہنے جارہے ہیں کہ مجھے نوکری دیں میں سب کچھ کروں گا، وائی ناٹ، آپ ہمیں حکومت میں لائیں ہم سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہیں، بلاول نوکری کی عرضی لیکر جارہے ہیں لیکن ان کو بتادیں کہ اب ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے اب ملکی مفادات اور قوم بدل چکی ہے، اب ایسی ڈیلیں نہیں کرنے دیں گے ،اب مادر وطن کے مفاد کو کسی کو بیچنے نہیں دیں گے ہم دنیا کے ہر ملک کے ساتھ امن کے لیے ساتھ کھڑے ہیں، امن کے لیے کوئی بھی ایک قدم بڑھائے گا ہم دس قدم بڑھائیں گے وزیراعظم نے واضع کیا کہ اگر افغانستان میں امن ہوگا تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگاجس کو افغانستان کی عوام اپنائیں گے ہم انہیں ویلکم کہیں گے لیکن بلاول زرداری جو عرضیاں لیکر واشنگٹن جارہے ہیں وہ ہم ہونے نہیں دیں گے۔