کوٹلی، آزاد کشمیر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم عمران خان انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ خود دھاندلی سے ملک پر مسلط ہوئے ہیں۔
کشمیر کے انتخابات کی مہم کے سلسلے میں کوٹی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد کشمیر کے مسئلے سے بنی تھی، یہ سفر آج تک جاری ہے۔ ہم نے بھٹو سے سیکھا ہے کہ اگر کشمیر کے عوام کے لئے ہمیں ہزار سال جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے۔ شہید بینظیر سے سیکھا ہے جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کی سیاست آج بھی کراچی سے لے کر کشمیر تک ہے۔ ہماری پالیسی ہے کشمیر کا فیصلہ یہاں کی عوام کریں گے۔ آپ کا فیصلہ اگر جنگ ہو گی تو ہم جنگ کریں گے۔ امن ہوگا تو ہم امن قائم کریں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ بھٹو نے کہا تھا کہ وہ اپنی نیند میں بھی کشمیر پر کوئی غلطی نہیں کر سکتے۔ کٹھ پتلی جب بھی کشمیر کا ذکر کرتا ہے تو غلطی کرتا ہے۔ جب مودی نے مقبوضہ کشمیر پر تاریخی حملہ کیا تھا تو بزدل کا جواب تھا کہ میں کیا کروں؟ کہتا تھا ہم ہر جمعہ کو سڑک پر کھڑے ہوں گے۔ اگر مقبوضہ کشمیر کے عوام مودی کے ظلم کا مقابلہ کر رہے ہیں تو آزاد کشمیر کے عوام اس نالائق، نااہل وزیراعظم کی معاشی پالیسی کے بحران کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جتنی مہنگائی ہے اتنی افغانستان، بھارت میں اور نہ ہی بنگلہ دیش میں ہے۔ عمران کی تبدیلی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری ہے۔ آپ نے گھر گھر جا کر یہ سمجھانا ہے کہ یہاں بھی وہ کٹھ پتلی وزیراعظم کو مسلط کر دیں گے۔ ہم ایسا وزیراعظم چاہتے ہیں جو یہاں کا وزیراعظم کہے وہ پاکستان کا وزیراعظم کرے۔ اس کے لئے آپ کو پی پی پی کو پورے کشمیر سے جتوانا پڑے گا تاکہ یہاں ایک ایسی حکومت قائم کریں جو نہ صرف مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھ سکے بلکہ اس کٹھ پتلی کو بھی جواب دے سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ خود دھاندلی سے ملک پر مسلط ہوئے ہیں۔ کوٹلی آتے ہوئے میں جس پل سے گزرا اور جس سڑک سے گزرا اور جو منصوبے دیکھے وہ سارے کے سارے پیپلزپارٹی نے بنائے۔ پی پی پی نے صرف کوٹلی میں 14کالجز بنائے۔ چودھری یٰسین کے حلقہ انتخاب میں 19کالجز بنائے۔ آپ جھوٹی حکومت کے وعدوں پر نہ چلیں۔