اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ لباس کا ریپ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا خواتین سے متعلق بیان افسوسناک ہے ہمیں مظلوم کا ساتھ دینا چاہیے بہانے بنا کر ظالم کا ساتھ نہیں دینا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو الفاظ کا چناؤ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے ایسے بیانات سے ظالم کو فائدہ پہنچتا ہے ان کے بیان سے لگتا ہے زیادتی کا شکار ہونے والوں سےزیادتی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لباس کا ریپ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے بچوں سے لے کر بڑوں تک لوگ زیادتی کا شکار ہو رہے ہیں سب سے زیادہ ریپ کا شکار خواتین ہو رہی ہیں ہمیں خواتین کیلئے اسٹینڈ لینا پڑے گا۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آنے سے قبل اور بعد میں حالات کیا ہیں موٹر وے اور ہوائی اڈوں کو گروی رکھنے کا منصوبہ ناکام ہوجائے گا عمران خان نے جس منصوبے میں ہاتھ ڈالا اس کا نقصان ہوا بہتری نہیں ہوئی۔