مظفرآباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جیالے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے، آزاد کشمیر میں اگلی حکومت پیپلزپارٹی بنائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری ان دنوں آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں۔ آج ان کا کوٹلی ہجیرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب شیڈول ہے۔ قبل ازیں بلاول بھٹو نے وزیراعظم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ خود دھاندلی سے ملک پر مسلط ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد کشمیر کے مسئلے سے بنی تھی، یہ سفر آج تک جاری ہے۔ ہم نے بھٹو سے سیکھا ہے کہ اگر کشمیر کے عوام کے لئے ہمیں ہزار سال جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے۔ شہید بینظیر سے سیکھا ہے جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی کی سیاست آج بھی کراچی سے لے کر کشمیر تک ہے۔ ہماری پالیسی ہے کشمیر کا فیصلہ یہاں کی عوام کریں گے۔ آپ کا فیصلہ اگر جنگ ہو گی تو ہم جنگ کریں گے۔ امن ہوگا تو ہم امن قائم کریں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ بھٹو نے کہا تھا کہ وہ اپنی نیند میں بھی کشمیر پر کوئی غلطی نہیں کر سکتے۔ کٹھ پتلی جب بھی کشمیر کا ذکر کرتا ہے تو غلطی کرتا ہے۔ جب مودی نے مقبوضہ کشمیر پر تاریخی حملہ کیا تھا تو بزدل کا جواب تھا کہ میں کیا کروں؟ کہتا تھا ہم ہر جمعہ کو سڑک پر کھڑے ہوں گے۔ اگر مقبوضہ کشمیر کے عوام مودی کے ظلم کا مقابلہ کر رہے ہیں تو آزاد کشمیر کے عوام اس نالائق، نااہل وزیراعظم کی معاشی پالیسی کے بحران کا مقابلہ کر رہے ہیں۔