راولپنڈی: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس فورس کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے ملاقات ہوئی جس میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل اینگس جے کیمبل دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، بالخصوص عالمی اور علاقائی سلامتی کے ماحول اور دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دفاعی اور سیکیورٹی مذاکرات کا 11 واں دور جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی جانب سے سربراہی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کی جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے چیف آف ڈیفنس فورس نے قیادت کی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے تربیتی پروگرام، مشترکہ مشقوں اور دیگر دفاعی سرگرمیوں کے شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط اور بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق دفاعی اور سلامتی مذاکرات 2006 میں شروع کیے گئے تھے اور اس کے بعد سے پاکستان اور آسٹریلیا میں متبادل بنیادوں پر باقاعدگی سے منعقد ہوتے رہے ہیں، اس فورم کے فریم ورک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات بتدریج وسیع تر ہو رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آسٹریلوی معززین نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغانستان میں امن کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔
قبل ازیں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل اینگس جے کیمبل کو “گارڈ آف آنر” پیش کیا گیا۔