لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملکی معیشت تباہ ، کہاں ہے نیا پاکستان؟ نااہل حکمرانوں نے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، نون لیگ 5.8 فیصد گروتھ چھوڑ کر گئی تھی۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی و لیگی رہنما حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جھوٹے وعدے نہیں کئے، کام کر کے دکھایا، اب وقت آگیا ہے قوم ان سے ایک ایک پائی کا حساب لے، تماشا نہیں لگائیں گے، آئینی طریقے سے ان کا مقابلہ کریں گے، ہم نے 1300 ارب روپے کے منصوبے لگائے، شہباز شریف نے حکومت کو میثاق معیشت کا کہا، مگر انہیں دھوکے سے بلا کر صاف پانی میں گرفتار کیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائے توشہ خانہ میں اپنی جیب میں کیا کیا ڈالا، کہتے تھے میرا دل کرتا ہے لوگوں کو جیل میں ڈالوں، لوٹا پیسہ واپس لاؤں، ن لیگ کے رہنماؤں کو جیل میں ڈالا گیا، ن لیگ کے اربوں کے منصوبے کاغذی نہیں ہیں، یہ آج تک جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بناسکے، اپوزیشن نے ان کو کیا بے نقاب کرنا تھا خدا نے ان کو بے نقاب کیا، انہوں نے قوم سے جتنے وعدے کیے ایک بھی پورا نہیں کیا،14 ممالک سے پی ٹی آئی کو فنڈنگ ملی، 2008 میں 5 بینک اکاؤنٹس چھپائے گئے۔