اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جعلی بیان حلفی دیا گیا، فوری فیصلہ معطل نہیں کرسکتے، عدالت نے واضح کیا تھا جھوٹے بیان حلفی کے نتائج بہت سنگین ہوں گے، الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر اٹھایا گیا سوال اہم اور قابل غور ہے، جائزہ لیں گے الیکشن کمیشن منتخب نمائندوں کو تاحیات نااہل کرسکتا ہے یا نہیں۔
وکیل فیصل واوڈا نے موقف اپنایا کہ 9 مارچ کو سینیٹ کا ضمنی الیکشن ہے، اسے روکا جائے۔ جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فی الحال سکون کریں۔ عدالت نے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔