اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کا اجرا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان پر عمل نہ ہونے کی وجہ آگے نہیں بڑھ سکے، طاقتور کو معافی اور کمزور کو سزا دینے والا معاشرہ ختم ہو جاتا ہے، جس قوم میں انصاف نہ ہوتا ہو تباہ ہو جاتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک فلاحی ریاست بننا تھا، ہم نے اسلامی اصولوں پر پاکستان کو کھڑا کرنا تھا، جس نظریے کے تحت پاکستان بنا تھا ہم اس پر نہیں چلے، جو قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی، جو انسان نظریے سے ہٹتا ہے وہ بھٹک جاتا ہے، جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا وہ تباہ ہو جاتی ہے، جو قوم طاقتور کو چھوڑ کر کمزور کو سزا دے وہ تباہ ہو جاتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں نے کئی سال تک دنیا کی امامت کی، بلاسود قرضوں کا پروگرام بہترین منصوبہ ہے، 45 لاکھ خاندانوں کو اس پروگرام میں لے کر آئے ہیں، رحمت اللعالمینؐ اتھارٹی کا کل افتتاح کر رہا ہوں، ایف بی آر نے پہلی بار پاکستان میں ریکارڈ ٹیکس ہدف حاصل کیا، دنیا میں تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ریاست کو اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لینی چاہیے۔