معاملات طے، ندیم افضل چن پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے لیے تیار

Published On 05 March,2022 06:54 pm

منڈی بہاؤ الدین: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے اثرات سامنے آنے لگے، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے سابق ترجمان ندیم افضل چن پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا دینے کو تیار ہیں، سینئر رہنما ندیم افضل چن کے پیپلز پارٹی سے معاملات طے ہوگئے، بلاول کل ندیم افضل چن سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔ جہاں پر ندیم افضل چن کل پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد ندیم افضل چن پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کنٹینر پر سوار ہوجائیں گے، وہ کچھ عرصہ قبل حکومتی عہدوں سے الگ ہو گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی بھی خواہش تھی ندیم افضل چن انکی جماعت میں شمولیت اختیار کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے سابق ترجمان نے تمام صورتحال کو جائزہ لینے کے بعد واپس پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، ندیم افضل چن پہلے بھی پیپلز پارٹی میں رہ چکے ہیں۔

ندیم افضل چن نے 2018 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اور عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ہی این اے 88 سرگودھا سے حصہ لیا تاہم کامیاب نہ ہوسکے۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے انہیں جنوری 2019 میں اپنا ترجمان اور معاون خصوصی مقرر کیا تھا، تاہم حکومت سے کئی معاملات پر اختلافات کے باعث انہوں نے جنوری 2021 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

جنوری 2021 میں مچھ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے مزدوروں کی ہلاکت پر دیے گئے دھرنے کی حمایت اور وزیراعظم عمران خان کے وہاں نہ جانے پر ندیم افضل چن نے ایک تنقیدی ٹویٹ کی تھی جس پر انہیں ترجمان وزیراعظم شہباز گِل نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

Advertisement