گوجرانوالہ، لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو کچھ سمجھ نہیں آرہا، یہ اب ہمیں یورپ سے لڑوانا اور ہمارے تعلقات خراب کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، ورنہ اسلام آباد پہنچ کر تحریک عدم اعتماد لائیں گے، وزیراعظم کو گھر بھجوائیں گے، خان صاحب! عوام پر بھروسہ ہے تو اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کے میدان میں مقابلہ کریں، صاف، شفاف الیکشن کیلئے کٹھ پتلی کو نکالنا ضروری، پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ عدم اعتماد کے حق میں مہم ہے، ہم سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، اسلام آباد پہنچ کر سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے فارغ کریں گے۔
گوجرانوالہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے حکومت مخالف لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے میلسی میں خطاب پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل عوام دشمن ڈیل ہے، اب وقت آگیا ہے کہ نالائق کو گھر بھیج کر صاف الیکشن کرائے جائیں، یہ کٹھ پتلی کچھ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے اے ٹی ایمز کو فائدہ پہنچایا، قوم کا وزیراعظم کہتا ہے یوٹرن لینا لیڈر کی نشانی ہے، مگر یوٹرن لینا منافقت ہے، لیڈر کی نشانی پھانسی کو قبول کرنا ہے، آپ فارن فنڈنگ کیس میں پکڑےگئے ہو، یہ ایک ہفتہ جیل میں نہیں گزار سکتے، اب وقت آگیا ہے سلیکٹڈ کو ہم نے جیل بھیجنا ہے، اسلام آباد پہنچ کر سلیکٹڈ پر جمہوری حملہ کریں گے، عوام کا اعتماد سلیکٹڈ سے اٹھ چکا ہے، اب عدم اعتماد لاکر سلیکٹڈ کو بھگانا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے روزگار دینے کے بجائے لوگوں کو بے روزگار کردیا، انہوں نے گھر دینے کے بجائے لوگوں کو بے گھر کردیا، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرکے نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا گیا، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی جیالوں کی کامیابی ہے، وہ جو دوسروں کو کہتا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے آج وہ خود گھبرا گیا ہے، پیپلزپارٹی ملک کے کسانوں کو بچانے کیلئے مارچ کر رہی ہے، پیپلزپارٹی اب انتظار کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، آج مہنگائی، بے روزگاری اور غربت تاریخی سطح پر ہے، انہوں نے ملک میں معاشی بحران پیدا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چھین رہا ہے کپتان روٹی ،کپڑا اور مکان، انہوں نے ٹیکسز کا طوفان کھڑا کردیا ہے، گیس اور بجلی کے بحران کی وجہ سے انڈسٹری شدید نقصان پہنچا، حکومت نے کسانوں کا معاشی قتل کیا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم نے عوام کی جیب اور پیٹ پر ڈاکہ مارا ہے۔
ہم عدم اعتماد کے حق میں مہم چلا رہے ہیں
قبل ازیں ناصر باغ لاہور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک امپائر کی انگلی کی طرف دیکھتے رہیں گے مسائل حل نہیں ہوں گے، صاف الیکشن کرانے سے پہلے کٹھ پتلی کو نکالنا ہوگا، ہم عدم اعتماد کے حق میں مہم چلا رہے ہیں،عوام کا اعتماد کٹھ پتلی سے اٹھ چکا اب پارلیمان کا بھی اٹھنا چاہیے، اس شخص نے سیاست کو گالی حکومت کو مذاق بنایا، اس شخص نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا، یہ جیسے حکمرانی کرتا ہے میری سمجھ سے باہر ہے، پوسٹ کا وزیر نمبر ون ہے، لیکن پوسٹ آفس صحیح نہیں چلتا، موٹروے کا برا حال ہے، موجودہ حکومت میں سب سے بڑی کابینہ ہے، لیکن صرف 10 وزیروں کو کاغذ کا ٹکرا دیا گیا، جو عمران خان کے معیار پر بھی پورا نہیں اترے انہیں سندھ بھیج دیا، جیالوں کی وجہ سے حکومت گھبرا گئی ہے، انہوں نے گھبرا کر اپنے وزیروں کو سندھ بھیجا، جیالوں کی تعداد دیکھ کر انہوں نے پٹرول، ڈیزل، بجلی سستی کی، موجودہ حکومت کا ہر وعدہ دھوکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی لاہور کے عوام کی ہے اور لاہور پیپلزپارٹی کا، پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہو رمیں ہی رکھی گئی تھی، طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، پیپلز پارٹی کے خلاف ہونے والی سازش عوام اور جمہوریت کے خلاف تھی، قائدعوام نے روٹی ،کپڑا،مکان کانعرہ دیا، بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کے لیے 30سال محنت کی، پیپلزپارٹی کوکمزورکرنےکی سازش کی گئی، پی پی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے ہم نے صوبوں کو ان کا حق دلوایا، ترمیم سے پہلے لاہور کا پیسہ اسلام آباد میں خرچ ہوتا تھا، این ایف سی کے ذریعے ہم نے لاہور کو اس کے وسائل کا مالک بنایا، ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے، موجودہ حکمرانوں کا کوئی مستقبل نہیں انہوں نے بھی لندن بھاگ جانا ہے، ثابت کروں گا کہ میں نے لاہور کو نہیں چھوڑنا۔
جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تنخواہوں اور پنشن میں 100فیصد اضافہ کیا، انہو ں نے نوکریاں دینے کے بجائے لوگوں کو بے روزگار کردیا، اسٹیل ملز کے 10ہزار ملازمین کو زبردستی بے روزگار کردیا، ہم نے 16ہزار ملازمین کیلئے جدوجہد کی اور انکا روزگار بحال کرایا، فوج کی تنخواہوں میں 175 فیصد اضافہ کیا تھا، ہم تو اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی روٹی ، کپڑا اور مکان دلواتے ہیں، یہ حکومت میں ہونے کے باوجود لوگوں سے چھینتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو صرف ایک موقع دیں، ہم آپ کو عوام کی خدمت کرکے دکھائیں گے، بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کرکے دکھائیں، مل کر جمہوریت کو بحال کریں گے، پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جمہوریت کیلئے کوڑے کھائے ہیں، 18ویں ترمیم سے پہلے لاہور کا پیسہ اسلام آباد میں خرچ ہوتا تھا، لاہورمیٹروٹرین 18 ویں ترمیم کی وجہ سے بنی، آصف زرداری چین سے سی پیک لے کر آئے، موجودہ حکمرانوں کا کوئی مستقبل نہیں انہوں نے لندن بھاگ جانا ہے، میں نے پاکستان میں رہنا ہے کبھی نہیں بھاگوں گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ابھی شروعات ہے میں نے لمبی اننگز کھیلنی ہے، پیپلز پارٹی نے روٹی،کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کیا، پی پی دور میں تنخواہوں اور پنشنز میں 100 فیصد اضافہ ہوا، موجودہ حکمرانوں نے لوگوں سے روز گار چھین لیا، پیپلز پارٹی نے 16 ہزار ملازمین کو بحال کرایا، پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع ملا تو سب کو پتہ چل جائےگا، پی پی کی حکومت میں غریب عوام کی حکومت ہوتی ہے، پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ اور خارجہ پالیسی کو مذاق بنا دیا ہے۔