صرف تین دن باقی، عمران خان استعفیٰ دیں اور گھر جائیں: بلاول بھٹو زرداری

Published On 05 March,2022 05:51 pm

اوکاڑہ، رینالہ خورد : (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی کے پاس صرف تین دن باقی ہیں، عمران خان استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، یا ہمت ہے تو اسمبلیاں توڑیں اور میدان میں آئیں، سلیکٹڈ کو بھگائیں گے اور ملک میں عوامی حکومت لائیں گے۔

اوکاڑہ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری حملہ کر کے کٹھ پتلی حکومت کو گرائیں گے، اگر عوام ہمارے ساتھ ہیں تو اسلام آباد دور نہیں۔ عمران خان عوام کا نہیں کسی اور کا نمائندہ ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم اسمبلیاں توڑو اور میدان میں ہمارا مقابلہ کرو، سینیٹ الیکشن میں کٹھ پتلی کو زبردست شکست ہوئی۔

پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم سے کہتے ہیں آپ کے پاس 3دن ہیں خود مستعفی ہوجاو۔ ہم نے کٹھ پتلی کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑا، کہاگیا سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لیں۔ پیپلزپارٹی نے مشکل حالات میں کبھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔ پیپلزپارٹی کبھی لڑائی سے نہیں بھاگتی۔ ملکی دفاع اورقیادت کیلئے قائد کی ضرورت، کھلاڑی کی نہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ عوام پرمسلط وزیراعظم نے جھوٹ بولا، تاریخ میں سب سے زیادہ یوٹرن عمران خان نے لیے، آج جتنی بھی کوشش کرلیں بے نظیر کا نام عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے، آج کسان مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہاہے۔ سلیکٹڈ ہر کام میں صرف یوٹرن لیتاہے۔ پنجاب میں بڑے منصوبے آصف زرداری کی وجہ سے سی پیک کے تحت بنے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سلیکٹڈ اور نااہل وزیراعظم کے خلاف احتجاج کررہی ہے، پیپلزپارٹی نے ملک میں 73کے آئین کوبحال کرایا، اوکاڑہ کے عوام نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا ثبوت پیش کر دیا۔ عوام نے ہرمشکل وقت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے این ایف سی کے تحت صوبوں کو اپنا حق دلوایا۔ این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو ان کے حقوق دیئے۔ حکومت نےزراعت کے شعبے کیلئے کچھ نہیں کیا، پیپلزپارٹی نے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان دیا، ہمارا مارچ بے روزگاری، مہنگائی اور غربت کیخلاف ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم کی وجہ سے دہشتگردی کی آگ پھر بھڑک اٹھی ہے، بلوچستان اورپشاورمیں بم دھماکےہوئے ہیں۔

رینالہ خورد میں خطاب 

رینالہ خورد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ جیالے اب جاگ چکے ہیں۔ آپ کے آباؤ اجداد نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا اور آئین سے محروم قوم کو آئین دیا گیا۔ ہم نے ایٹمی بم بنایا۔ ہم نے ڈکٹیٹر ضیاء کا مقابلہ کیا اور آپ نے امت مسلمہ کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کیں۔ شہید بے نظیر بھٹو کے اقتدار میں آنے پر سیاسی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ میڈیا کو آزاد کر دیا گیا اور کاشتکاروں اور مزدوروں کو خوش کر دیا گیا۔ آپ نے زرداری کا ساتھ دیا ، 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق دیے گئے ۔ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوا اور دہشت گردوں کو شکست ہوئی۔ ہم نے این ایف سی ایوارڈ کے ساتھ صوبوں کو ان کے حقوق کا حصول ممکن بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے وقت عالمی کساد بازاری تھی۔ ہم گندم، چینی اور چاول درآمد کر رہے تھے جب زرداری نے کسانوں کو امدادی قیمت دی جس کے نتیجے میں ہم وہی اشیاء دنیا کو برآمد کر رہے تھے۔

چیئرمین نے کہا کہ ہم اسلام آباد پہنچ کر کٹھ پتلی کو ہٹا دیں گے۔ ہم کل لاہور میں داخل ہوں گے اور آپ کا پیغام اسلام آباد لے کر جائیں گے۔

پتوکی میں خطاب

پتوکی میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی عمران نے امیروں کو معاشی ریلیف دے کر عام آدمی کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ جو کٹھ پتلی عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، غربت سے پریشان نہ ہونے کا کہتا تھا وہ خود ہی گھبرانے لگا ہے اور ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روزگار دینے کے بجائے چھین لیا گیا۔ حکومت جیالوں سے خوفزدہ ہے جو اس کا احتساب کرنے آرہے ہیں۔ جیالے ملک، معیشت اور جمہوریت کو بچانے کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ قائد عوام نے ہمیں منشور دیا اور شہید بے نظیر بھٹو نے نظریہ دیا۔ ہماری پارٹی کے 5 بنیادی اصول ہیں اور ہم ان پر عمل پیرا ہیں کیونکہ یہ اصول ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ ہم عوام کے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں۔ ہم اس کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کو چیلنج کرنے اسلام آباد جا رہے ہیں۔ عمران کا نہ کوئی ماضی ہے اور نہ مستقبل لیکن ہم ماضی میں بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی عوام کے ساتھ ہیں اور کل بھی عوام کے ساتھ رہیں گے۔ ہم پتوکی کے پیغام کے ساتھ صبح لاہور میں داخل ہوں گے کہ کوئی نہیں چاہتا کہ عمران کٹھ پتلی اقتدار میں رہے۔ پھر ہم پاکستانی عوام کا پیغام لے کر اسلام آباد جائیں گے کہ ’’گو سلیکٹڈ گو‘‘۔

Advertisement