چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت دہشتگردوں کے سامنے جھک چکی ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کر رہی ہے۔ اس وجہ سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا ہے۔
خانیوال میں لانگ مارچ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے کہا کہ عوام کی طاقت دیکھ کراس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، بنی گالہ سے چیخیں آرہی ہیں، تین سال سے کہہ رہا تھا دنیا بھرمیں مہنگائی ہو رہی ہے، ہردوسرے ہفتے10سے12روپے پٹرول کی قیمتیں بڑھاتا رہا، جیالوں کی محنت کے بعد کٹھ پتلی جھک گیا، پٹرول کی قیمتوں میں 10روپے کمی جیالوں کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی خوفزدہ اورڈرپوک ہے۔ یہ سلیکٹڈ کی بھول تھی، جیالے کل اور آج بھی جیالے موجود ہے، پیپلزپارٹی نے جنرل ضیا، جنرل مشرف کا مقابلہ کیا تم تو ایک کٹھ پتلی سلیکٹڈ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: پی پی لانگ مارچ میں ڈرون ٹکرانے سے آصفہ بھٹو زخمی
شرکاء سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کا کوئی مستقبل نہیں اس نے تولندن بھاگنا ہے، ہمارا تومرنا جینا عوام کے ساتھ ہے۔
پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ آصفہ بی بی بہت بہادر ہے، آگے سفر میں ہمارے ساتھ ہو گی، زخمی ہونے کے باوجود آصفہ نے کہا اسٹیچنگ رہنے دیں پٹی کریں، میں نے اوپر کینیٹنرمیں جانا ہے، پتا نہیں جان بوجھ کریا غلطی سے آصفہ کوڈرون کیمرہ سرپرلگا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید بی بی کے حکومت میں کسانوں کوپورا معاوضہ ملتا تھا، جھوٹے آدمی نے کسانوں کا معاشی قتل کیا، یوریا کا بحران پیدا کرکے کسانوں کا معاشی قتل کیا جاتا ہے، پانی کی تقسیم میں ناانصافی کی وجہ سے کسان کا معاشی قتل کیا جاتا ہے۔ کسانوں کواصل قیمت نہیں مل رہی۔ کیا خانیوال کے لوگ حساب لینے کے لئے میرے ساتھ اسلام آباد چلیں گے۔
میاں چنوں میں خطاب
میاں چنوں میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں چنوں کے لوگ میرے ساتھ اسلام آباد چلیں،ہم نے آمروں کا مقابلہ کیا اب سلیکٹڈ کوبھگائیں گے، لوگ والدین کے لیے دوائی نہیں خرید سکتے یہ کہتا ہے گھبرانا نہیں ہے،بچوں کی تعلیم کا بندوبست نہیں کرسکتے، یہ کہتا ہے گھبرانا نہیں ہے،وقت آگیا ہے اب سلیکٹڈ کوگھبرانا چاہیے،ہم آپ کو4دن دیتے ہیں،استعفی دو،4 دن کے اندراسمبلی توڑواورمیدان میں آکرمقابلہ کرو،دیکھتے ہیں عوام کس کے ساتھ ہیں،اگرہمارا مطالبہ نہیں مانتے توہم اسلام آباد پہنچ کربندوبست کریں گے۔
چیچہ وطنی میں خطاب
چیچہ وطنی میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت دہشتگردوں کے سامنے جھک چکی ہے، اس وجہ سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا ہے۔ نئے پاکستان میں ہر چیز مہنگی مگر عوام کا خون سستا ہے۔ یہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، دہشتگردوں کو شکست دی۔ پاکستان کی پولیس، فوج اور عوام نے دہشتگردی کو شکست دی۔ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف واضح مؤقف رہا ہے۔ آج پشاور میں دہشتگردی کا واقعہ ہوا۔ واقعے میں تقریباً 50 لوگ شہید ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے تنخواہوں میں اور پنشن میں 100فیصد اضافہ کیا۔ پیپلزپارٹی کے دور میں نوجوانوں کو روزگار دیا گیا۔ کبھی کہتے ہیں مہنگائی ہے ہی نہیں، وزرا کو کہا جاتا ہے لوگوں کو بتاؤ کہ مہنگائی نہیں ہے۔ کبھی کہتے ہیں مہنگائی دنیا کی وجہ سے ہے تو کبھی کہتے ہیں سندھ کی وجہ سے ہے۔ کہتے ہیں ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے۔
پی پی چیئر مین کاکہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے خودکشی کرلوں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاوں گا۔ کچھ ماہ بعد آئی ایم ایف کے پاس جا کر بدترین ڈیل کی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری چین گئے تو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ساتھ واپس آئے، ایران گئے تو گیس پائپ لائن منصوبے کے ساتھ واپس آئے۔ عمران خان کی حکومت میں ہمارے ہر ملک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے۔ موجودہ حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوچکی ہے۔ وہ حکومت بنائیں گے جو کسی کے سامنے نہ جھکے گی اور آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریگی۔