پشاور:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نمبر بھی پورے ہیں، عدم اعتماد کی تحریک بھی تیار ہے، ہم آگے بڑھ رہے ہیں، ناکام نہیں لوٹیں گے، حکمران قوم کے پیسے سے اپنے ممبران کو فرار کرا رہے ہیں۔
جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پشاور میں کوچہ رسالدار پہنچے جہاں پر شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ سفاک ہاتھوں نے پشاور کے ساتھ ظلم کیا، کسی زمانے میں کچھ لوگ فسادات کرتے تھے جو ناکام ہو چکے تھے، متاثرین کو اطمینان دلانے کے لیے آئے ہیں، ہم سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور باہمی اخوت کا ماحول خراب نہیں ہونے دیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ریاست عوام کو تحفظ فراہم کیوں نہیں کر سکتی، حکمران سمجھتے ہیں کہ عوام کے نمائندے ہیں لیکن وہ ناکام ہو چکے ہیں، تاہم ہم کبھی ناکام نہیں لوٹے، ہم نے شعور اور حوصلہ پیدا کیا جس کے باعث حکمران تنہا ہوچکے ہیں، عدم اعتماد کا معاملہ بڑھ رہا ہے۔