دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں: کور کمانڈر پشاور

Published On 05 March,2022 06:07 pm

پشاور: (دنیا نیوز) کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسورکوختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قصہ خوانی بازار میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والی مسجد کی جگہ کا دورہ کیا اور رہنماؤں سے تعزیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اورقومی اتحاد واتفاق کو خراب کرنے کی کوشش ہے، اس طرح کے واقعات کے پیچھے دشمن کے مقاصد کو سمجھنا ہوگا، دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کےلئے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہآج یہاں حاضر ہونے کا مقصد شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرنا ہے، اس سانحے میں جو نقصان ہوا اس کا ازالہ نہیں ہوسکتا، واقعے کے مجرمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ یہ ایک مشکل جنگ ہے لیکن ہم مل جل کر لڑیں گے تو کامیاب ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور دھماکے کے تینوں ملزمان کی شناخت، جلد ان تک پہنچ جائیں گے: شیخ رشید

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا کہ دہشتگردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں، تمام اداروں کےدرمیان کوآرڈینیشن مزید بہتربنائی جارہی ہے۔

بعد ازاں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کی۔

اس موقع پر کور کمانڈر پشاور نے کہا کہ امن وامان کویقینی بنانے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیںگے۔

پشاور دھماکے کے تینوں ملزمان کی شناخت، جلد ان تک پہنچ جائیں گے: شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے کے تینوں ملزمان کی شناخت کرلی گئی، خیبرپختونخوا پولیس اور تحقیقاتی ادارے دہشتگردوں کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں، ایک سے دو روز میں ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحقیقاتی اور تفتیشی اداروں نے زبردست کام کیا ہے، افواہوں اور ملک کے اندر تخریب کی باتوں سے نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں نواز شریف کی طرف سے پاسپورٹ کی کوئی درخواست نہیں آئی، عدم اعتماد کا بڑا شور مچایا جا رہا ہے، اپوزیشن کی جانب سے اجلاس کی ریکوزیشن کی درخواست بھی نہیں آئی، اجلاس ریکوزیشن کی درخواست موصول ہونے کے 14 دن کے اندر اجلاس بلاناہوتا ہے، اجلاس کی ریکوزیشن اور عدم اعتماد کی تحریک الگ الگ چیزیں ہیں، عدم اعتماد کی تحریک پہ بھی دو تین دن سپیکر کے پاس ہوتے ہیں، اپوزیشن عوام میں غٖلط فہمیاں پیدا نہ کرے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انشا اللہ عمران خان پانچ سال پورے کرے گا، یہ جوبھی تحریک لے آئیں، پہلے بھی شکست ہوئی ہے اب بھی ان کو شکست ہوگی، پاکستان آگے بڑھنے کی طرف جا رہا ہے، بد نصیبی ہے بعض لوگ اانتشار خلفشار کو ہوا دے کر اس ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، آسٹریلیوی کرکٹ ٹٰیم کی سیکورٹی کے انتظامات زبردست ہیں۔

Advertisement