راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے پشاور مسجد حملے کے متاثرہ افراد اور سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق میچ کے دوسرے روز کھیل شروع ہونے سے پہلے پشاور حملے کے متاثرین اور لیجنڈ کرکٹر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر سر جھکائے اور پشاور دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
One-minute silence observed in Pindi Stadium for Peshawar victims and Shane Warne. #PAKvAUS pic.twitter.com/5vIspAVmyr
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 5, 2022
شین وارن گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث 52 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئے تھے۔ وہ تھائی لینڈ میں تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں قصہ خوانی بازار میں مسجد نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں اب تک 62 افراد شہید ہو چکے ہیں۔