پشاور دھماکا کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

Published On 04 March,2022 05:10 pm

پشاور: (دنیا نیوز) قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں ہونے والی دہشتگردی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے قصہ خوانی بازار کے علاقے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد شہید ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

دوسری طرف پشاور دھماکا کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہو گئی ہے، جامع مسجد میں نماز جمعہ کے لیے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا، حملہ آور نے مسجد کے باہر فائرنگ کی، فائرنگ کے بعد حملہ آور مسجد میں داخل ہوا، حملہ آور نے کالے کپڑے پہن رکھے تھے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بھی دھماکا خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جس کے بعد پولیس کا سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے، جبکہ علاقے کا بھی محاصرہ کر لیا گیا ہے۔ حملہ ایک خوکش حملہ آور نے کیا جس میں 2 پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے، جبکہ حملے کے حوالے سے کوئی تھریٹ الرٹ موصول نہیں ہوا تھا۔

سی سی پی او نے بتایا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار میں جامع مسجد میں 2 حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی اور جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔
 

Advertisement