لاہور: (ویب ڈیسک) روس نے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے خود کش دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے قصہ خوانی میں کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں اب تک امام ارشاد خلیلی سمیت 62 افراد شہید ہوگئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی۔
دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ روسی ہم منصب سرگئی لاروف کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
Constructive call with Russian FM #SergeyLavrov and thank you for your sincere condolences over the loss of life in the terrorist attack on a mosque in Peshawar and condemnation of all forms of terrorism.
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) March 5, 2022
شاہ محمود نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی مسجد پر ہونے والے دہشتگردی حملے میں جانی نقصان پر تعزیت اور دہشتگردی کی مذمت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹیلیفونک رابطے کے دوران یوکرین کی صورتحال پر پاکستان کی تشویش پر میں نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعات کے مطابق سفارتی حل کی ضرورت سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور دھماکا: مزید 5 زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی
انہوں نے ٹویٹر پر مزید لکھا کہ یوکرین، پولینڈ، رومانیہ، ہنگری کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندوں کے ساتھ حالیہ ٹیلیفونک گفتگو پر روسی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرگئی لاروف کو پاکستان کا اصولی موقف بتایا، بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ روس، یوکرین کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے، وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے محفوظ اور فوری انخلا کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کو سراہتے ہیں۔
Thank you @OIC_OCI Secretary-General #HisseinBrahimTaha for your call. Pakistan appreciates your condolences on the loss of innocent lives in the terrorist attack in Peshawar and the expression of #OIC solidarity with Pakistan to stand against terrorism.
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) March 5, 2022
ایک اور ٹویٹ میں شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، انہوں نے پشاور میں ہونے والے دہشتگردی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔
Thank you to my brother FM @4rukun of Somalia for your call condemning the cowardly terror attack on worshippers in Peshawar.
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) March 5, 2022
مزید ٹویٹ میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ صومالیہ کے وزیر خارجہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پشاور میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
پشاور دھماکا: مزید 5 زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی
پشاور میں گزشتہ روز جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج انتقال کر گئے۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق دھماکے کے 37 زخمی زیر علاج ہیں، زیر علاج زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد اسپتال میں دم توڑنے والے افراد کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔
ادھر پشاور کے قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملہ کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت مکمل کرلی گئی جبکہ دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ خود کش حملہ آور اور دو سہولت کاروں کے اسکیچز مکمل کر لیے گئےہیں۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے اعضاء کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ میں ملوث مکمل گروپ کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر دیا گیا۔ ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں۔
خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 30 سے زائد افراد کی اجتماعی نماز جنازہ گزشتہ شب جبکہ 10 افراد کی نماز جنازہ آج کوہاٹی میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔
دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں: کور کمانڈر پشاور
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے قصہ خوانی بازار میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والی مسجد کی جگہ کا دورہ کیا اور رہنماؤں سے تعزیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اورقومی اتحاد واتفاق کو خراب کرنے کی کوشش ہے، اس طرح کے واقعات کے پیچھے دشمن کے مقاصد کو سمجھنا ہوگا، دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کےلئے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہآج یہاں حاضر ہونے کا مقصد شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرنا ہے، اس سانحے میں جو نقصان ہوا اس کا ازالہ نہیں ہوسکتا، واقعے کے مجرمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ یہ ایک مشکل جنگ ہے لیکن ہم مل جل کر لڑیں گے تو کامیاب ہونگے۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا کہ دہشتگردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں، تمام اداروں کےدرمیان کوآرڈینیشن مزید بہتربنائی جارہی ہے۔
بعد ازاں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کی۔
اس موقع پر کور کمانڈر پشاور نے کہا کہ امن وامان کویقینی بنانے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیںگے۔
پشاور دھماکے کے تینوں ملزمان کی شناخت، جلد ان تک پہنچ جائیں گے: شیخ رشید
شیخ رشید نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے کے تینوں ملزمان کی شناخت کرلی گئی، خیبرپختونخوا پولیس اور تحقیقاتی ادارے دہشتگردوں کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں، ایک سے دو روز میں ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحقیقاتی اور تفتیشی اداروں نے زبردست کام کیا ہے، افواہوں اور ملک کے اندر تخریب کی باتوں سے نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں نواز شریف کی طرف سے پاسپورٹ کی کوئی درخواست نہیں آئی، عدم اعتماد کا بڑا شور مچایا جا رہا ہے، اپوزیشن کی جانب سے اجلاس کی ریکوزیشن کی درخواست بھی نہیں آئی، اجلاس ریکوزیشن کی درخواست موصول ہونے کے 14 دن کے اندر اجلاس بلاناہوتا ہے، اجلاس کی ریکوزیشن اور عدم اعتماد کی تحریک الگ الگ چیزیں ہیں، عدم اعتماد کی تحریک پہ بھی دو تین دن سپیکر کے پاس ہوتے ہیں، اپوزیشن عوام میں غٖلط فہمیاں پیدا نہ کرے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انشا اللہ عمران خان پانچ سال پورے کرے گا، یہ جوبھی تحریک لے آئیں، پہلے بھی شکست ہوئی ہے اب بھی ان کو شکست ہوگی، پاکستان آگے بڑھنے کی طرف جا رہا ہے، بد نصیبی ہے بعض لوگ اانتشار خلفشار کو ہوا دے کر اس ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، آسٹریلیوی کرکٹ ٹٰیم کی سیکورٹی کے انتظامات زبردست ہیں۔