عدم اعتماد پر مشترکہ اپوزیشن کا موقف ہونا بڑی کامیابی ہے: بلاول بھٹو

Published On 07 March,2022 09:09 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد پر مشترکہ اپوزیشن کا موقف ہونا بڑی کامیابی ہے، ہماری منزل بہت نزدیک ہے اور ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، عمران خان استعفیٰ دیدیں ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد ہم سب کا مشترکہ موقف ہے، اس کا مقصد ایسی حکومت بنائیں گے جو الیکشن اصلاحات کرسکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو ہم نے جتوا کر دکھایا تھا، ہم ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں، پنجاب کے عوام نے شاندار رسپانس دیا جس کو بھول نہیں سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے گھبرا کر پٹرول کی قیمتوں کو کم کیا، جنوبی پنجاب کے عوام نے ہمارا تاریخی استقبال کیا، ہماری منزل بہت نزدیک ہے اور ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، عمران خان استعفیٰ دیدیں ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا، اپوزیشن کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، اس سے عدم اعتماد کے کامیاب ہونے کے چانس زیادہ ہوں گے، صحیح موقع پر اپوزیشن اپنے کارڈ سامنے لیکر آئے گی۔ 

بلاول بھٹو کا وزیراعظم کو مستعفی ہونے کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

قبل ازیں بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئیں الیکشن کرائیں اور ہمارا مقابلہ کریں، کٹھ پتلی کو اب جانا ہوگا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گجرات میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرت ہوئے کہا کہ پورا ملک سراپا احتجاج ہے، اب بہت ہوچکا، ان کی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، صاف اور شفاف الیکشن ہمارا مطالبہ ہے، عمران خان نے پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کر کے معاشی بحران پیدا کیا، ہم نے پہلے دن سے اس نالائق کو نہیں مانا، پنجاب اور سندھ کےعوام نے گو سلیکٹڈ گو کا نعرہ لگا دیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پہچان سلیکٹڈ وزیراعظم ہے، یہ شخص اس عہدے پر بیٹھنے کے لائق نہیں، عمران خان امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں آیا، پیپلز پارٹی نے کبھی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہیے، عوام اتنا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، عمران خان کی پالیسی امیروں کو ریلیف اور غریب کو تکلیف پہنچانا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ وزیراعظم اتنے گھبرا گئے ہیں کہ گالیاں دینے پر اتر آئے ہیں، عام آدمی مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے، انہوں نے مزدوروں اور کسانوں کا معاشی قتل کیا، ہم ان سے حساب لینے کیلئے نکلے ہیں۔

Advertisement