سیاسی ہلچل: رابطوں میں تیزی، 4 صوبائی وزراء کی علیم خان کے گھر پر اہم بیٹھک

Published On 07 March,2022 03:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں سیاسی ہلچل کے بعد رابطوں میں تیزی آگئی۔ 4 صوبائی وزراء نے علیم خان کے گھر پر اہم بیٹھک کی۔

بزدار حکومت مشکل میں، اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ؟ علیم خان کی زیر قیادت پنجاب میں نیا گروپ تشکیل، علیم خان کے گھر اہم مشاورت میں وزیر توانائی اختر ملک، وزیر فشریز صمصام بخاری، وزیر فلاح و بہبود ہاشم ڈوگر اور وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد شریک ہوئے۔

 دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ کو جہانگیر ترین اور علیم خان سے رابطے کا ٹاسک دے دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزرائے اعلی، گورنرز اور وفاقی وزراء شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے پارلیمانی امور سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چوروں کا ایجنڈا ناکام بنا دیں گے، عدم اعتماد والے شوق پورا کر لیں، ہماری تیاری مکمل ہے، جمہوری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جن کو مقدموں کو خطرہ ہے وہ لوٹی ہوئی دولت کے ذریعے انقلاب نہیں لا سکتے، جنوبی پنجاب صوبہ کا بل قومی اسمبلی جلد لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے قانونی و پارلیمانی ٹیم سے بل کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

 

Advertisement