اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری، چودھری سرور، پرویز خٹک اور اسد عمر بھی پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی تبدیلی کے حامی۔
ذرائع کے مطابق وفاق کے کئی اہم وزراء عثمان بزدار کی تبدیلی کے حامی ہیں۔ وفاق میں اہم سینئر وزراء نے بزدار کو تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔ فواد چودھری پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی تبدیلی کے سب سے بڑے حامی ہیں۔ چودھری سرور، پرویز خٹک اور اسد عمر بھی صوبے میں تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔ وزیر اعظم سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
ادھر وزیراعظم سے گورنر سندھ اور فواد چودھری نے ملاقات کی جس میں عمران اسماعیل نے عمران خان کو علیم خان سے لاہور میں ہونے والی اہم ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور فواد چوہدری کی ملاقات بنی گالہ میں 35 منٹ جاری رہی، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد، لانگ مارچ، اتحادی جماعتوں سے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم عمران خان کو جہانگیر ترین اور علیم خان کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور فواد چودھری میں ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب میں ترین گروپ کے معاملات پر بات چیت کی گئی جبکہ عمران اسماعیل نے وفاقی وزیر اطلاعات کو علیم خان سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔
خیال رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹاسک ملنے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ناراض ارکان 24 گھنٹے میں ہمارے ساتھ ایک پیج پر ہونگے، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اور سابق صوبائی وزیر علیم خان وزیراعظم عمران خان کیخلاف نہیں جائینگے، پہلے علیم خان سے ملاقات کروںگا بعد میں جہانگیر سے بات ہو گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کا حصہ بن کر علیم خان کے پاس آنے پر انتہائی افسوس ہے، وہ میرے ساتھی اور بھائی ہیں، خوشی ہے کہ علیم خان آج بھی عمران خان کا ساتھی اور سپاہی ہے۔ علیم خان اور جہانگیر ترین نے جتنی محنت اور جدوجہد اس پارٹی کو اقتدار میں لانے اور عمران خان کے پروگرام پر عمل کرنے کیلئے کی تھی وہ آج بھی اس پر عمل پیرا ہیں، جہانگیر ترین کے گروپ کے پنجاب کی حد تک پی ٹی آئی حکومت سے اپنے تحفظات ہیں، جس کا اظہار علیم خان نے کیا۔