اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان سے ملاقات کی جس کے دوران انہیں وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق علیم خان نے وزیراعظم کے پیغام کے حوالے سے فواد چودھری اور عمران اسماعیل سے جہانگیر ترین کے ساتھ مشاورت تک کا وقت مانگ لیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد فوادچودھری اور عمران اسماعیل، علیم خان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ سابق صوبائی وزیر علیم خان آج لندن روانہ ہوں گے جہاں وہ جہانگیرترین سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
قبل ازیں ترین گروپ کے رہنماؤں نے حالیہ سیاسی صورتحال پر جہانگیر ترین سے مشاو رت کا فیصلہ کیا۔ ترین گروپ کے رہنما اسحاق خاکوانی اور عون چودھری آئندہ 2روز میں لندن جائیں گے۔ اسحاق خاکوانی اور عون چودھری لندن میں جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کریں گے۔