لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوامی لیڈر ہیں ، الیکشن میں جانے سے نہیں گھبرائیں گے،
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہمارے اتحادیوں بارے دعویٰ کر رہی ہے، آج صرف 86 ممبران نے تحریک عدم اعتماد پر دستخط کیے، ظاہرہے اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں، اپوزیشن کے پاس آج تک نمبرز پورے نہیں ہیں، پریس کانفرنس میں بیٹھنے والے ایک دوسرے کوچورڈاکوکہتے تھے۔ پاکستان کے عوام یہ تماشا دیکھ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے 172 نمبرز پورے کرنے ہیں، اگران کے پاس واضح اکثریت ہوتی تو آج ہی 172 ارکان سے دستخط کرا لیتے۔ قومی اسمبلی کے اندر ہماری کل تعداد 179 ہے، یہ تعداد سپیکر اور اتحادیوں کو ملا کر ہے، پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ کے حوالے سے دعوے درست نہیں ہیں، ہمیں پتا ہے کون کہاں کھڑا ہے، اگراپوزیشن کے دعوؤں کو دیکھا جائے تو 90 سے 95 فیصد تو عمران کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی جہانگیرترین کے خلاف بات نہیں کی، ترین نے بھی کبھی عمران خان کے خلاف بات نہیں کی، جہانگیرترین کوبالکل تحفظات ہیں جس طریقے سے ان کے کیسزکوہینڈل کیا گیا،ترین کے خیال میں ان کے کیسزمیں انصاف نہیں برتا گیا۔ جس دن عدم اعتماد کی ووٹنگ ہو گی نظرآجائے گا یہ لوگ کدھرکھڑے ہیں۔ وہی ہوگا جو منظور خدا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عوامی لیڈرالیکشن میں جانے سے نہیں گھبرائیں گے، اس وقت اپوزیشن کے دعوے پرالیکشن کرانے کی کوئی منطق نہیں بنتی۔ اسمبلی میں عمران خان کے ووٹ کی وجہ سے پہنچا ہوں، عمران خان سے بڑی قربت ہے، ہر ایم این ایز، ایم پی ایز مجھ سے رابطے میں ہوتے ہیں، ایسا نہیں ہے سارے لوگ عثمان بزدارکے خلاف ہیں، چیف منسٹرکے اوپنین پول کے مطابق عثمان بزدار چاروں صوبوں میں نمبرون یا نمبر ٹو ہوتے ہیں، کچھ لوگ عثمان بزداربارے تحفظات بھی کرتے ہیں۔