ترین گروپ کے خرم لغاری نے مائنس عثمان بزدار فیصلہ مسترد کر دیا

Published On 09 March,2022 07:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں بننے والے ترین گروپ کے رہنما سردار خرم لغاری نے مائنس عثمان بزدار فیصلہ مسترد کر دیا۔

اپنے ایک بیان میں خرم لغاری نے کہا کہ یہ فیصلہ کسی ایک فرد کا تو ہوسکتا ہے سب کا نہیں، وزیر اعلیٰ کے ساتھ کھڑا ہوں، مائنس عثمان بزدار کو سپورٹ نہیں کرتا، اس موقع پر عثمان بزدار کو چھوڑ سکتے نہ چھوڑیں گے، جو مائنس بزدار کی بات کر رہے ہیں وہ اب بھی انہی کی کابینہ کا حصہ ہیں، اپنی اسمبلی بچائیں، مائنس عثمان بزدار کی سوچ تبدیل کی جائے۔

دوسری طرف صوبائی وزیر صمصام بخاری اور سردار آصف نکئی کی ملک نعمان لنگڑیال اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات ختم ہو گئی ہے، ملاقات میں اجمل چیمہ، لالہ طاہر رندھاوا،عون چودھری سمیت دیگر موجود تھے

پی ٹی آئی رہنما ملک اقبال لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بلایا تو ضرور ملاقات کرینگے۔

ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعظم سے کوئی اختلاف نہیں، صمصام بخاری میرے مرشد ہیں یہ انکا اپنا گھر ہے، صمصام بخاری میرے حلقہ سے ہی منتخب ہوئے ہیں، تنگ آکر وزیر اعلی بزدار کو مائنس کرنے کی بات کی، نئے وزیر اعلی کی نامزدگی کا اختیار جہانگیر ترین کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کی پارٹی میں پہلے جیسے پوزیشن ہو اور عزت بحال تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہمارا سعید اکبر نوانی سے رابطہ ہوا وہ بالکل بھی ناراض نہیں ہیں، سعید اکبر نوانی ہمارے گروپ کا حصہ ہیں۔