اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وزیراعظم کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی زبان کو لگام دو ورنہ ہمیں لگام دینا آتی ہے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو کہا کہ پہلے علیمہ خان کے اثاثوں کا جواب دو، تم نے بنی گالہ کا گھر ڈکلیئر نہیں کیا اس کا بھی جواب دو، کہتے ہو شہبازشریف بوٹ پالش کرتا ہے، تم کیا کرتے ہو، حرام حرام کی باتیں کرتے ہو اپنے بنی گالہ کا حساب دو۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہے، تم لندن میں اسی فوج کے خلاف دشنام تراشی کرتے تھے، تم بات کرتے ہو بوٹ پالش کی، جب پرویز مشرف نے نوازشریف کی حکومت ختم کی تو میں بھی جیل میں تھا، حرام ،حرام کی باتیں کرتے ہو اپنے بنی گالہ کا حساب دو، اگرتم ڈی چوک آنا چاہتے ہو تو ہم بھی سیاسی طور پر مقابلہ کریں گے، تمہیں ناک سے چنے چبوائیں گے، تمہارا وزیرداخلہ شیخ رشید نہیں، شیخ حرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے پوری اپوزیشن نے قربانیاں دی ہیں، اپوزیشن نے پارلیمان کے ذریعے عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے، پونے چار سال چور، ڈاکو کہتے رہے، مجھے اور نوازشریف پر نشتر چلاتے رہے، عمران خان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، عمران خان کی بہن کے پاس اتنے مہنگے گھر کہاں سے آئے؟ تم خواتین کے خلاف ایسی باتیں کررہے ہو۔