پی ٹی آئی رہنما امتیاز صفدر وڑائچ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل

Published On 13 March,2022 05:55 pm

لاہور:(دنیا نیوز) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وکٹیں گرنے لگیں اور امتیاز صفدر وڑائچ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

پی ٹی آئی کے امتیاز صفدر وڑائچ کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے جس میں امتیاز وڑائچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق  وزیرمملکت امتیاز صفدر وڑائچ کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارک باد دی ہے۔

 عامر لیاقت کا مستقبل میں پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان

ادھر کپتان کا ایک اور کھلاڑی خدا حافظ کہنے کیلئے تیار ہوگیا، پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے مستقبل میں پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عامر لیاقت نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے وزیراعظم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ وزیر اعظم آپکے چاہنے والے آپکے بدترین رویے کے باوجود آپکے ساتھ ہیں، اعصاب کا کھیل ہے، اللہ پاکستان کے لیے بہتر کرے، اس کے بعد ہمارے راستے جدا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے لکھا کہ وزیر اعظم نے وفا کا جو صلہ دیا یا د رکھوں گا۔

Advertisement