اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت کور کمیٹی اجلاس آج دوپہر 12 بجے ہوگا، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومتی حکمت عملی پر وزیراعظم کور کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے۔
پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اجلاس، تحریک عدم اعتماد کی حکمت عملی پر مشاورت
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
اسی تناظر میں عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا کو ناراض پارٹی ارکان سے رابطوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مخالفین کو عوام کی نہیں، اپنے کرپشن مقدمات کی فکر ہے۔