تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کا مشن، بزدار بھی سرگرم، ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں

Published On 13 March,2022 04:46 pm

لاہور:(دنیا نیوز) عدم اعتماد کی تحریک ناکام بنانے ک مشن کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب کا ارکان اسمبلی کو منانے اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، سردار عثمان بزدار نے 3 روز میں 130 سے زائد ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ تحریک انصاف متحد اور مضبوط ہے، سازشیں ناکام اور اپوزیشن نامراد رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں ترین، علیم، ہم خیال گروپ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فارورڈ بلاک کے ارکان شامل ہیں، صوبائی وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی نے بھی ملاقاتیں کیں، خواتین اور اقلیتی پارلیمنٹریز بھی عثمان بزدار سے ملے اور وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی میرے بھائی، دوست اور دست وبازو ہیں، سیاست میں رواداری اور احترام کے اصولوں کے قائل ہیں، ساڑھے 3 برس میں صرف عوام کی خدمت کی ہے، باتیں کم اور کام زیادہ کئے ہیں، ہمیشہ سب کو ساتھ لیکر چلے اور چلیں گے،عوامی نمائندوں کی مشاورت سے 360 ارب روپے کا تاریخ ساز ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ماضی میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ہمارے دور میں سیاسی انتقام کے کلچر کو دفن کر دیا گیا ہے، سازش نہیں کرتے، کسی کا برا نہیں سوچتے ، تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے، خرید وفروخت کرنے والوں کے دوغلے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے اراکین اسمبلی کی سفارشات اور تجاویز کو نوٹ کر کے ان کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں، اراکین اسمبلی نے مسائل کے فوری حل کے لئے احکامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
 

Advertisement