اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے بھارتی ہائی کمیشن او آئی سی اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، پاکستان میں میزائل گرنے کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع کا جواب ناکافی ہے، واقعے پر نوٹس کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ اجلاس 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے، اجلاس میں 48 سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، اجلاس کا تھیم شراکت داری برائے اتحاد و انصاف ہے، اجلاس کا مرکز کشمیر، فلسطین، افغانستان، اسلاموفوبیا، مسلم امہ کے مسائل اور اتحاد و اتفاق ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کی وزیر خارجہ آئندہ ماہ پاکستان آرہی ہیں، پاکستان یوکرین کیلئے انسانی ہمدری کی بنیادوں پر امداد بھجوا رہا ہے۔