اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں ڈالرز تھے، ماضی میں عوامی مفادات کے خلاف خارجہ پالیسیاں بنائی گئیں، غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک کو نقصان ہوا،کسی کوقصوروارٹھہرانےکےبجائےدرست فیصلےکرنےچاہئیں۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اجلاس کے بعد افغانستان پر دنیا بھر کا مؤقف ہمارے ساتھ ہے، افغانستان میں ابھرتےہوئےانسانی المیے پرفوری اقدامات کی ضرورت ہے، دنیاافغانستان کے حوالے سے ہمارےموقف کی تائید کررہی ہے، مختصر وقت میں وزرائے خارجہ کو اکٹھا کرنا بڑی بات ہے، آئندہ اوآئی سی کا اجلاس اس سے بھی بہتر اندازمیں منعقد کیاجائےگا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کورونا کےباعث مشکلات کاسامنا کیا،وبا کے باوجود پاکستان کا تشخص پہلے سے بہتر ہے، کسی کوقصوروارٹھہرانےکےبجائےدرست فیصلےکرنےچاہئیں، اصولوں سے ہٹ کرفیصلے کیے جائیں تونقصان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود اعتمادی ختم ہونے پر قومیں زوال کا شکار ہوتی ہیں،اوورسیزپاکستانی انتہائی قابل اور ہرشعبے میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں،قانون کی حکمرانی کےبغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا،خود اعتمادی ختم ہونے پر قومیں زوال کا شکار ہوتی ہیں،پاکستان 60 کی دہائی جیسا ملک بننے جارہا ہے جبکہ ہماری جدوجہد عوام کی فلاح وبہبود ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں جن کی قیمت چکانا پڑی۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ غلط امیدواروں کا انتخاب شکست کی بڑی وجہ بنا، لوکل باڈی الیکشن کی حکمت عملی کی خود نگرانی کروں گا۔ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف مضبوط ہو کر سامنے آئے گی۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا لگا ہے، میئر کی تین سیٹیں جے یو آئی اور ایک اے این پی لے اڑی۔ سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی 64 میں سے 58 نشستوں کے رزلٹ آئے ہیں، جے یوآئی ف کی 21 نشستوں کے ساتھ پہلی اور پی ٹی آئی کی 14نشستوں کے ساتھ دوسری پوزیشن ہے، اے این پی کی سات اور ن لیگ کی تین سیٹیں، جماعت اسلامی دو ، پیپلزپارٹی اور تحریک اصلاحات کی ایک ایک نشست جبکہ نو آزاد امیدوار بھی فتح یاب ہوئے ہیں۔