اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد ایک جمہوری اور آئینی حق ہے، جو آئین توڑے گا وہ اسپیکر ہو، وزیراعظم ہویا کوئی اور اسے آرٹیکل6 کاسامنا کرنا پڑے گا۔
سینئر لیگی رہنما احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سیاسی، جمہوری اور پارلیمان کاعمل آئین کےمطابق ہونا ضروری ہے، حکومت کو آئین، جمہوری قدروں اورپارلیمان کی پرواہ نہیں، اجلاس14دن کےاندرنہ بلاکرثابت کردیا گیاکہ وہ ہرحیلہ بہانہ کریں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کولٹکایا نہیں جاسکتا، آپ کو سامنا کرنا ہوگا، جو لوگ عمران خان سے منحرف ہیں انھوں نے ہی عمران خان کو اقتدار دیا تھا، کنٹینر کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے، یہ نہ تو سینیٹ الیکشن ہے اور نہ ہی جی بی الیکشن جہاں پیسوں کا استعمال ہوا تھا۔ لوگ اقتدار کو چھوڑ کر اپوزیشن میں شامل ہونا چاہتے ہیں، اسپیکر پہلے دن سے جانبدار تھا، آج بھی جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں منی لانڈرنگ کی سب سے بڑی مثال فارن فنڈنگ کیس ہے، آج نیب اور ایف آئی اے خاموش ہے، عمران خان بتائیں شہزاد اکبر نامی شخص کہاں ہے؟