راولپنڈی: (دنیا نیوز) ملک میں جاری تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے سیاسی گہما گہمی کے دوران سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا بیان بھی سامنے آ گیا۔
اپنے حلقے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ خدا کو حاضر ناظر جان کر حلفاً کہتا ہوں بڑے بڑے عہدوں کی جتنی آفر مجھے ہوتی ہے کسی سیاست دان کو نہیں ہوتی، چار سال سے اقتدار کا روزہ رکھا ہوا ہے لیکن اب لگ رہا ہے کہ بہت جلد اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ روزہ کھولوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے عوام ووٹرز سپوٹرز کو میرے لئے ووٹ مانگنے پر کبھی شرمندگی نہیں ہو گی، میں کبھی ضمیر کا سودا نہیں کیا، نہ کوئی مجھے دو نمبر کہے گا، لوگ تو اقتدار کے لیے جوتیاں اٹھانے کو تیار ہو جاتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا بھی اپکی خدمتِ کے موجود ہے، کسی کو یہاں آنے کی دعوت نہیں دی۔
خیال رہے کہ ان دنوں ملکی سیاسی صورتحال کافی گرم چل رہی ہے کیونکہ اپوزیشن ارکان نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔
تحریکِ عدم اعتماد پر ن لیگ، پیپلز پارٹی، اے این پی سمیت 86 اراکین کے دستخط ہیں۔ تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اسٹاف نے وصول کی۔
اس حوالے سے جہاں وزیراعظم عمران خان کے مخالفین سامنے آرہے ہیں تو وہیں اُن کے حمایتی خوب اُن کا ساتھ دیتے نظر آرہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی گئی تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوسکے گی یا نہیں۔