راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 145ویں پی ایم اے لانگ کورس سمیت مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمان خصوصی تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 145ویں پی ایم اے لانگ کورس، 12ویں مجاہد کورس، 19ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 64 ویں انٹگریٹڈ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، عراق، اردن، مالدیپ، آذربائیجان اور نائیجیریا کے 17 کیڈٹس بھی شامل تھے جبکہ دوست ممالک کی لیڈی کیڈٹس بھی پاس آئوٹ ہوئیں۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمان خصوصی تھے، پاک فضائیہ کے سربراہ نے پریڈ کا معائنہ کیا، اور اپنے خطاب میں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی، پاک فضائیہ کے سربراہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات اور اعزازات تقسیم کئے 145 ویں لانگ کورس کے سینئر انڈر آفیسر آسو عبدالقہار کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔
145ویں لانگ کورس کے سینئر انڈر آفیسر عبید الرحمان کو پریذیڈنٹ گولڈ میڈل، 145ویں لانگ کورس کے عراق سے فارن کنٹری سینئر انڈر آفیسر عیسیٰ عناد المسعودی کو گولڈ میڈل اور لیڈی کیڈٹ کورس کی کمپنی سارجنٹ میجر ندا کو کمانڈنٹ کی چھڑی سے نوازا گیا، نائیجیریا سے پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے تقریب میں شرکت کی ۔
مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ اہلکاروں، کیڈٹس کے والدین اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے پریڈ کا مشاہدہ کیا، پاس آئوٹ ہونیوالے کیڈٹس میں قبائلی اضلاع کے 6 کیڈٹس جبکہ بلوچستان سے بھی 43 کیڈٹس کورسز مکمل کرکے پاس آئوٹ ہوئے۔