اسلام آباد:(دنیا نیوز) فروغ نسیم کے استعفیٰ دینے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کو وزارت قانون کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے تعلق رکھنے والے فروغ نسیم نے وفاقی وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
فروغ نسیم کے استعفیٰ کے بعد وزارت قانون کی نشست خالی ہے اور اب یہ عہدہ وزیراعظم عمران خان نے فواد چودھری کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھی کی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد میں 48 گھنٹے ہیں، ہر ایک منٹ اہم ہے، شہبازشریف کے خواب کرچی، کرچی ہونے جا رہے ہیں، باپ، بیٹے کی ضمانت کی منسوخی کے لیے کل عدالت جائیں گے، کل سے مجھے وزارت قانون کا چارج مل رہا ہے۔