اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرا وژن اسلامی فلاحی ریاست ہے، فلاحی ریاست کے قیام سے اللہ کی برکت آتی ہے، ایلیٹ کلاس اور عوام کیلئے الگ پاکستان بدقسمتی، ہم وہ کام کر رہے ہیں جو ریاست کو کرنا چاہے۔
ایمرجنسی ہیلپ لائن911 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایمرجینسی ہیلپ لائن بڑا منصوبہ ہے، ایسے منصوبوں پر تمام صوبوں کو ایک ہی پیج پر کھڑا ہونا چاہیے، مجھے ہیلتھ کارڈ پر بڑی خوشی ہے، بدقسمتی سے ابھی تک سندھ کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ جاری نہیں کیا گیا، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب خاندان 10 لاکھ تک اپنا علاج کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب پاکستان بھی بڑا زبردست پروگرام ہے، 75 سال بعد یکساں نصاب ہم نے شروع کیا، یکساں نصاب 70 سال پہلے شروع ہونا تھا، ہیلتھ کارڈ غریب لوگوں کے پاس بڑی سہولت ہے، غریب کسی بھی مہنگے ہسپتال سے علاج کرا سکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگی بہتر بنانا اور آسانیاں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے، بھارت میں چھوٹا سا طبقہ امیر اور باقی غریبوں کا سمندر ہے، چین نے پہلے 70 کروڑ غریب لوگوں کو غربت کی لکیر سے نکالا، چین نے ریاست مدینہ کے ماڈل کو فالو کیا، ہم ایلیٹ سسٹم کو توڑیں گے، پاکستان میں سب سہولیات ایلیٹ کلاس کو ملتی ہے۔