لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کے پاس 186 کا ہندسہ نہیں، پنجاب واپس ہمارے پاس آچکا ہے، کینٹینر سے فائر معظم کو لگا جس سے وہ ہلاک ہوا، فائرنگ نوید نے کی، دو اور لوگوں کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جنیوا کانفرنس کی کامیابی پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،تحریک انصاف کے لوگ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں، عمران خان پاکستان کی سیاست پر بدنما داغ ہیں، ووٹ کی طاقت سے اس فتنے کو مائنس کر دیا جائے گا، فتنہ گزشتہ پانچ سال سے چور، ڈاکو کرپشن کا راگ آلاپ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے ان کے پاس نمبرز پورے نہیں، ان کے 6 سے 8 اراکین اسمبلی بیرون ملک ہیں، بیرون ملک ممبران اسمبلی کی ہمارے پاس ٹریول ہسٹری موجود ہے، 176 بندے اکٹھے کر کے 187 کا ڈرامہ کرتے ہیں، مونس الہٰی سارے پیسے اکٹھے کر کے سپیشل طیارہ میں چلا گیا، میرا خیال ہے مونس الہیٰ واپس نہیں آئے گا، پنجاب میں اقلیتی حکومت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا اگر ہم نے ممبران خریدے ہیں تو آج ان کے 187 ارکان کیوں موجود ہیں؟، عدم اعتماد کیلئے 22 دن مل چکے ہیں، ان کا ایک ایک دن پنجاب پر بھاری گزر رہا ہے، کل یہ فیصلہ ہونا چاہیے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ بہت اچھے جج ہیں، ان کے بارے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، امید ہے آئین و قانون پر مبنی فیصلہ ہوگا، ہماری عدالت سے استدعا ہے ان کو مزید موقع نہ دیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ بیس ہزار ایکڑ کے رقبے کو براؤن کرایا گیا، 20 سے 22 دنوں میں کرپشن کی رفتار تیز ہوئی ہے، پنجاب میں کرپشن کا بازار گرم ہے، اینٹی کرپشن میں بیٹھے ایک بے غیرت نے لوٹ سیل لگائی ہے، لاہور کے ماسٹر پلان میں اربوں روپیہ اکٹھا کیا گیا، اس کرپشن میں عمران خان بھی شامل ہے، عنائت لک نامی ان کا فرنٹ مین ہے جو کروڑوں کما رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ووٹ لو یا گھر جاؤ، پرویز الہٰی کے پاس کوئی تیسرا آپشن ہی نہیں، اب یہ بھاگ سکتے ہیں نہ چھپ سکتے ہیں، وزیراعلیٰ کے باہر جانے کی اطلاعات ہیں، اچھا نہیں لگتا کہ نام نو فلائی لسٹ میں ڈالا جائے۔
عطا تارڑ نے کہا ان کا ایک سرگودھا، خانیوال کا ممبر لاہور نہیں ہے، 8 سے 10 ممبرز پرویز الہٰی سے نالاں ہیں، اس وقت ان کے 12 ممبرز نہیں ہیں، ابھی فواد چودھری نے کہا ان کے پاس تعداد 187 ہے، یہ نمبرز کے حوالے سے جھوٹ بول رہےہیں، سائرہ اکبر ابھی تک پیش نہیں ہو رہی، جواب دینا پڑے گا۔