پی آئی اے کا سڈنی کیلئے براہ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان

Published On 07 April,2022 05:37 pm

اسلام آباد:(اسلم خان سے) قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے آسٹریلوی شہر سڈنی کے لئے براہ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔

پی آئی اے 22 اپریل سے سڈنی کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، آسٹریلیا کے آٹھ مقامات کے لیے ورجن آسٹریلیا ایئر لائن کے ساتھ انٹر لائن ٹکٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پروازیں ابتدائی طور پر جمعہ کو لاہور سے سڈنی اور اتوار کو سڈنی سے لاہور چلائی جائیں گی، مسافروں کو سڈنی کے علاوہ آسٹریلیا کے مزید شہروں تک پہنچانے کے لئے ورجن آسٹریلیا ایئر لائن کے ساتھ انٹر لائن ٹکٹ کی سہولت کا بھی انتظام کیا گیا ہے، انٹر لائن معاہدے سے سڈنی کے لئے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کے ساتھ آسٹریلیا میں مزید آٹھ مقامات کو بھی پی آئی اے کے مسافروں کے لئے قابل رسائی بنایا گیا ہے۔

انٹر لائن معاہدے سے پی آئی اے کے مسافر سڈنی کے علاوہ ورجن آسٹریلیا ایئر لائن کی پروازوں پر ایڈیلیڈ، برسبین، کینبرا، بالینا بائرن، ہوبارٹ، کیرنز اور پرتھ کے لئے بکنگ کر سکیں گے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے نیٹ ورک کی توسیع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مارکیٹنگ اور فرنٹ لائن ٹیموں کو مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مسافر اب پی آئی اے کی ویب سائٹ، پی آئی اے کے آفیشل سیل اور اینڈرائیڈ ایپ، پی آئی اے کال سینٹر اور پی آئی اے ٹریول ایجنٹس کے ذریعے بھی پروازیں بک کر سکتے ہیں۔
 

Advertisement