کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہباز شریف نے بابائے قوم کے مزار پر پھول بھی رکھے۔ ملکی ترقی کے لئے دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔
شہباز شریف 23 ویں وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، شہباز شریف کے ہمراہ اراکینِ قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، خالد مقبول صدیقی، مولانا اسد محمود کے علاوہ مفتاح اسماعیل، اکرم درانی اور متعلقہ اعلی عہدیداران موجود تھے۔
کراچی آمد پر ان کا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے ارکان نے شاندار استقبال کیا۔ بذریعہ گاڑی وزیر اعظم پاکستان مزار قائد پہنچے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے گاڑی ڈرائیو کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف وزیر اعلیٰ ہاوس چلے گئے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پہنچنے سے پہلے جہاز میں اہم میٹنگ کی، کراچی میں صنعتی ترقی اور کاروباری شخصیات کی تجاویز سے متعلق جائزہ لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دوران پرواز کراچی میں کاروباری آسانیوں سے متعلق حکام سے بریفنگ لی اور شہر قائد میں ایکسپورٹ صنعتوں کو مراعات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کراچی دورے پر پارٹی رہنما اور دیگر سے ملاقاتیں کریں گے۔ شہباز شریف بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بھی جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی کراچی کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔