لندن: (اظہر جاوید )سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے جلد وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا۔ اسحق ڈار پہلے پاکستان پہنچ رہے ہیں اگلے چند دنوں میں دونوں کو پاسپورٹ بھی مل جائیں گے ۔
نواز شریف نے اسحق ڈار کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد پاکستان جاکر وزیراعظم شہباز شریف کی معاونت کریں۔ وزیراعظم پارٹی قائد نواز شریف سے مشاورت اور منظوری کے بعد اہم فیصلے کر رہے ہیں۔ لندن میں مسلم لیگ ن کے عارضی ہیڈ کوارٹر زمیں لیگی قائد نے گزشتہ روز مصروف دن گزارا اور ان کی وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پارٹی قائدین سے ٹیلی فونک مشاورت ہوئی۔ وفاقی کابینہ کے ارکان اور ان کے محکموں کا اعلان بھی نواز شریف کی منظوری سے کیا جائیگا۔ اسحق ڈار بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ حکومتی امور میں مکمل معاونت کرر ہے ہیں اور وزارت خزانہ میں اپنے تجربے کی بنیاد پر اہم فیصلوں میں شریک ہیں ۔
لندن میں دنیا میڈیا گروپ کے ہیڈ آف انٹرنیشنل نیوز آپریشنز سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو انتہائی مشکل حالات میں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری ملی لیکن وہ پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے پوری پارٹی قیادت اور دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر وطن عزیز کو مسائل سے نکالنے کی کوشش کریں گے ۔ان کا کہنا تھا عام عوام کی داد رسی کیلئے اقدامات اولین ترجیح ہے ۔وزیراعظم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔میں اور پوری جماعت شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں تمام جماعتوں کو ملکر عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا ۔
ایک سوال کے جواب میں اسحق ڈار کا کہنا ہے کہ جو حکم پارٹی قائد کریں گے اس پر عمل کیا جائیگا، اگر وزیراعظم اور دیگر اتحادیوں نے کوئی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا تو وہ اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔