احتساب سے خوفزدہ لوگ اداروں پر حملے کر رہے ہیں: رانا ثنا اللہ

Published On 24 April,2022 11:07 pm

فیصل آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی قوم کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں، احتساب سے خوفزدہ لوگ اداروں پر حملے کر رہے ہیں، ہم کسی سے سیاسی انتقام نہیں لیں گے، الیکشن میں پتہ چلے گا لوگ کس کے ساتھ ہیں۔

رانا ثناء اللہ خان کے اعزاز میں فیصل آباد میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اتحاد یوں سے ملکر آئینی طریقے سے ایک فاشسٹ اور نااہل سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجا، عمران نیازی کا چار سالہ دور حکومت جھوٹ، جھوٹ اور صرف جھوٹ پر محیط تھا، معیشت، خارجہ تعلقات، سماجی ترقی، غریب عوام کی فلاح پر جھوٹ بولے گئے، کرپشن، نااہلی، لاقانونیت اور اقربا پروری کا ایک سیاہ دور جو بالآخر اختتام پذیر ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی مراسلے جیسے حساس معاملے کو جلسے جلوسوں میں تماشہ بنا کر ملکی مفاد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جارہا ہے، عمران نیازی جھوٹے پروپیگنڈے سے پاکستانی عوام کو گمراہ کر کے اداروں کے خلاف اکسا رہا ہے، ہوسِ اقتدار اور خوفِ احتساب سے ملکی اداروں کی ساکھ پر حملے کر رہا ہے، عمران نیازی کی ہرزہ سرائی سے پاکستان کے دشمن فائدہ اٹھا رہے ہیں، بنی گالہ میں بیٹھا ایک شخص میں ناں مانوں کی گردان مسلسل الاپ رہا ہے، انتخابات میں پتہ چلے گا عوام کس کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عمران نیازی کی طرح سلیکٹڈ نہیں، انتخابات کے ذریعے اقتدار میں آنے والی جماعت ہیں، ہم سیاسی انتقام نہیں لیں گے لیکن عوامی وسائل پر ڈاکے کا حساب ضرور لیں گے، ہماری حکومت عوام کو اندھیروں سے نکالے گی، روشنیاں اور امیدیں واپس لائے گی، فیصل آباد کے عوام نواز شریف سے پیار کرنے والے لوگ ہیں، فیصل آباد کی صنعتیں بحال کرینگے اور روزگار کے مواقع پیدا کرینگے۔

بعد ازاں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نا اہل اور نالائق ٹولہ ملک پر مسلط تھا، اس ٹولے نے ہر چیز خراب کی، اس کو ہٹانا بہت ضروری تھا، گزشتہ حکومت میں جھوٹے مقدمات بنائے گئے، تکبر اللہ کو پسند نہیں ہے، شہبزاد اکبر روزانہ پریس کانفرنس میں جھوٹے کاغذ لہراتے تھے، برطانیہ کی ایجنسی نے شہباز شریف اور فیملی کو کلیئر قرار دیا، مریم نواز پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، گزشتہ حکومت میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، میرے خلاف عمران خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو کہا اس کیخلاف کچھ نہ کچھ نکالو۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا جھوٹا وعدہ کیا گیا، یہ کہتے تھے مہنگائی ہو تو وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے، پی ٹی آئی حکومت میں تاریخی مہنگائی تھی، ادویات اسکینڈل میں وزیر پر کوئی مقدمہ نہیں بنایاگیا، کراچی میں گورنر ہاؤس میں بیٹھ کر فارما سوٹیکل والوں سے 5 ارب روپے لیے گئے، ان کے دور میں کوئی میگا پروجیکٹ نہیں لایا گیا، عمران خان کو صرف دھرنوں کیلئے رکھ لیناچاہیے، شہباز شریف نے عمران خان کو میثاق معیشت کی آفر کی تھی، عمران خان نے کہا میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، حلفاً کہتا ہوں پی ٹی آئی منحرف ارکان کو کوئی آفر نہیں دی، پی ٹی آئی کے لوگ ان سے 4 سال سے ناراض تھے، ہم نے عدم اعتماد میں پی ٹی آئی منحرف ارکان کا ووٹ استعمال نہیں کیا، ہم نے اتحادیوں کی مدد سے ان کی حکومت کو گرایا۔

رانا اللہ نے کہا کہ اتحادیوں کی ووٹ سے ہی شہباز شریف وزیراعظم بنے، ایم کیو ایم معاہدے والے دن صبح 6 بجے تک کوئی سازش نہیں تھی، 28 تاریخ کو بتایا گیا میرے خلاف سازش کی گئی، کہا گیا امریکا نےسازش کی تم نے کیا ایٹمی دھماکے کیے تھے؟، سابق سفیر اسد مجید کی امریکی اسسٹنگ سیکرٹری ڈونلڈ لو سے لنچ ڈنر میں ملاقات ہوئی، ڈونلڈ لو نے کوئی چیز سابق سفیر کو نہیں دی، کیبل سابق سفیر کی اسسمنٹ تھی، جب کیبل آتی ہے تو وزارت خارجہ میں پیرا فریزنگ ہوتی ہے، ایجنسیوں کےسربراہوں نے کہا کوئی سازش نہیں ہوئی، عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں، عمران خان ملک کو انارکی اور فساد کی طرف لےجانا چاہتے ہیں، سوشل میڈیا کو اپنا ہتھیار بنایا ہوا ہے، پروپیگنڈے سے حکومتیں نہیں چلتیں، پروپیگنڈے کرنے سے الیکشن بھی نہیں جیتا جاتا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان احسان فراموش ہیں، علیم خان کو جیل میں ڈالا گیا اور جہانگیر ترین اور بیٹے کو جیل میں ڈالنے کی عمران خان نے کوشش کی، ان کی حکومت میں پکڑا پہلے جاتا تھا جرم بعد میں ڈھونڈتے تھے، ہم ان کا جرم پہلے پکڑیں گے، بزدار صاحب نے دیگ میں پیسے چھپائے ہوئے ہیں ان کی دیگ ڈھونڈیں گے، یہ الیکشن کا سال ہے، جلسے جلسوں کا اچھی طرح تدارک کریں گے، عمران خان اسلام آباد آئے اچھی طرح استقبال کریں گے، انہوں نے جو پلان ہمارے لیے بنایا تھا اب ان کیلئے استعمال ہوگا، میرے خلاف مقدمے کے آرڈر وزیراعظم ہاؤس سے دیئے گئے تھے۔
 

Advertisement