اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی عمرہ کیلئے سرکاری خرچ پر جانے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی اور کہا کہ وزیراعظم کسی چارٹرڈ جہاز پر سعودی عرب نہیں جا رہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ فوادچودھری کو صحافیوں کے خلاف ایسا بے ہودہ بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہئے، وزیراعظم کسی چارٹرڈ جہاز پہ نہیں جا رہے، فیک نیوز آپ کی پہچان اور جھوٹ طرہ امتیاز ہے، ٹویٹ کرنے سے پہلے یہ تو جان لیتے کہ کوئی صحافی سرکاری خرچ پر نہیں جارہا۔
انہوں نے لکھا کہ اقتدار سے رسوا ہوکر نکلنے کے بعد اب الزامات کی گولیاں چلا رہے ہیں، صحافیوں کو کبھی سازش میں ملوث کرتے ہیں تو کبھی دوروں کے جھوٹے ٹویٹ چلاتے ہیں، جو چار سال میں عوام کا آٹا، چینی، دوائی، روزگار، معیشت، بجلی، تیل گیس سب کچھ کھا گئے، انہیں صحافیوں کے کھانوں پر تکلیف ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک ٹویٹ توشہ خانے کی گھڑی، ہار اور انگوٹھیوں پر بھی کردیں لیکن اس کے لئے ضمیر کا جاگنا شرط ہے، کفایت شعاری کا جو ڈرامہ کیا وہ آج تاریخ کے سب سے زیادہ فسکل خسارے ہے، اس لئے اپنے لیکچر اپنے پاس رکھیں، بھینسوں کی نیلامی، انڈے، مرغی کٹوں کے تماشے، جھوٹ کی دکان چلانا بند کریں۔