کراچی:(دنیا نیوز) جامعہ کراچی وین پر خود کش حملہ آور خاتون شاری بلوچ کا آخری ٹویٹ بیرون ملک سے کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاری بلوچ کا آخری ٹویٹ ایک مغربی ملک سے کیا گیا ہے، ٹویٹ کے لئے استعمال ہونے والی انٹرنیٹ آئی پی اور میک ایڈریس پاکستان کا نہیں، جی پی آر ایس لوکیشن تبدیل کر کے بھی انٹر نیٹ ایڈریس چھپایا جاتا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ شاری بلوچ کا ٹویٹر اکاؤنٹ باقاعدہ طور پر بیرون ملک سے استعمال کیا گیا، خود کش حملہ آور خاتون کی آئی ڈی اور پاسورڈ بیرون ملک کسی کو فراہم کیا گیا۔
دوسری جانب جامعہ کراچی ایچ ای جے فرانزک لیبارٹری کو چار افراد کے ڈی این اے نمونے موصول ہوئے ہیں، دھماکے میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد کی لاشیں نا قابل شناخت ہیں، شناخت میں تاخیر کی وجہ اہل خانہ کے ڈی این اے سیمپل کی عدم دستیابی ہے ۔
پاکستانی ڈرائیور کے اہل خانہ کے ڈی این اے حاصل کیے جا رہے ہیں، چائینز کے اہل خانہ کے ڈی این اے سیمپل موجود نہیں، چینی افراد کے زیر استعمال اشیاء سے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔