اٹک: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 17 مئی تک ڈالر 200 روپے کا ہوجائے گا۔
اٹک میں تحریک انصاف کے جلسۂ عام سے خطاب کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو بچانے کی کال دی ہے، منہاج القرآن کی خواتین پر گولیاں چلوانے والا بدمعاش کہتا ہے کہ عمران خان کی کال پر اسلام آباد آکر بتاؤ، پورا پاکستان عمران خان کی کال پر آرہا ہے، روک سکتے ہو تو روک کر دکھاؤ۔
آئی ایس پی آر کے حالیہ بیان کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آصف زرداری اور مریم نواز نے پشاور کے کور کمانڈر سے متعلق جو زبان استعمال کی وہ انہیں قبول نہیں ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ جس پر فرد جرم لگی وہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بن گئے، ڈالر 17 تاریخ تک 200 روپے کا ہوجائے گا، پاکستان کے زرمبادلہ کے آدھے ذخائر ختم ہوگئے ہیں، پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، اسٹاک ایکسچینج بیٹھ چکی ہے، ایٹمی ہتھیاروں کیلئے پاکستان پر دباؤ آئے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ جس نے تحریک عدم اعتماد کا منصوبہ بنایا تھا، اس نے عمران خان کی خدمت کی ہے، عمران خان ہیرو بن گئے ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کسی سے بات نہیں کریں گے نہ ہی کسی کا فون سنیں گے، صرف الیکشن کا انتظار ہے۔ وزیروں کو لندن بلا کر چوروں نے پیغام دیا ہے کہ وہی ملک کے حاکم ہیں، ملک میں اس وقت 2 وزیراعظم اور وزیر خزانہ ہیں، انہوں نے 2 بدمعاش اُجرتی قاتل رکھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی زندگی اور موت کا سوال ہے، امریکا نے سمجھا تھا کہ جوتے پالش کرنے والا پاکستان کو سنبھال لے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکتا، پاکستان پر بڑا وقت آنے والا ہے، ان سے معیشت نہیں سنبھالی جائے گی، ہمارے ایٹمی اثاثے شدید خطرات میں ہوں گے۔