والدہ کوغیرآئینی، غیر قانونی طریقے سے اغوا کیا گیا: ایمان مزاری

Published On 21 May,2022 04:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری نے کہا ہے کہ میری والدہ کو جبراً لاپتہ کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری اور سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ میری والدہ کوغیرآئینی، غیر قانونی طریقے سے اغوا کیا گیا، میری والدہ کو کچھ ہوا تو چھوڑوں گی نہیں، حکومت ایسی حرکتیں کرے گی تومیں اس کے پیچھےآؤں گی۔ میری والدہ کوجبراًلاپتہ کیاگیاہے۔

اس سے قبل  سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی گرفتاری پر ان کی بیٹی ایمان مزاری نے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں ایمان مزاری نے کہا کہ مجھے صرف یہ بتایا گیا کہ گرفتار کرنے والے اینٹی کرپشن ونگ لاہور کے اہلکار ہیں۔ ایمان مزاری نے کہا کہ مرد پولیس اہلکار میری ماں کو مارتے ہوئے ساتھ لے گئے۔

فواد چودھری

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما نے شیریں مزاری کی گرفتاری پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے اگر اعلان جنگ ہے تو ہماری طرف سے بھی اعلان جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری پر تشدد کیا گیا، کپڑے پھاڑے گئے اور بہیمانے طریقے سے گاڑی میں لے جایا گیا۔ اس کو گرفتاری نہیں اغواء کہا جائے گا، ہمیں نہیں پتہ کہ وہ اس وقت کہاں ہیں۔ اب اگر لڑائی ہونی ہے تو لڑائی ہی ہونی ہے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری ایک بڑی جماعت کی رہنما ہونے کیساتھ ساتھ ایک ٹیچر بھی ہیں، شیریں مزاری کی شعبہ تعلیم سے وابستہ ہونے کی وجہ سے دنیامیں عزت ہے۔

شبلی فراز 

پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اتنی بوکھلا گئی ہے کہ پہلا وار ہماری خاتون لیڈر پر کیا۔ شیریں مزاری ملک کا سرمایہ ہے، ان کو بہیمانہ طریقے سے گھسیٹ کر اغواء کیا گیا۔

عمران اسماعیل

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شیریں مزاری کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‏شیریں مزاری کی گرفتاری کا واقعہ امپورٹڈ حکومت کے بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، جتنی پھرتیاں ایک قاتل وزیر داخلہ مقدمات میں لگا رہا ہے اتنی اگر دیگر معاملات میں لگاتے تو ان کی حکومت کو شرمندگی نہ ہوتی، امپورٹڈ حکومت خود معاملات کو کشیدگی کی طرف دھکیل رہی ہے۔

فرخ حبیب

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مرد پولیس اہلکار شیریں مزاری کو گھسیٹ کر لے گئے، شیریں مزاری ایک جاندار آواز ہے جو اپنا مؤقف بلا خوف پیش کرتی ہیں، حکومت خوفزدہ ہوگئی ہے، ایسے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، شیریں مزاری کیساتھ مرد پولیس اہلکاروں نے بدتمیزی کی۔

Advertisement