لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کی گرفتاری کی خواہش ظاہر کردی۔
ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ خواہش ہے عمران خان کو گرفتارکیا جائے۔ میری خواہش ہے کہ عمران خان کو اسی سیل میں رکھا جائے جہاں مجھے رکھا گیا تھا، اگر عمران خان کو تین دن جیل میں رکھا جائے تو اس کی سیاست نکل آئے گی۔ملک میں اس وقت ایک اتحادی حکومت ہے، اس قسم کے فیصلے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے بغیر نہیں کیے جا سکتے۔ آپ دعا کریں عمران خان کی گرفتاری کی اجازت مل جائے، پھر قوم کو یہ خوشی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ادارے ہمارے ساتھ نہیں، بلکہ پاکستان کے ساتھ ہونے چاہئیں، ہم جتنا زور لگا رہے ہیں وہ کم ہے اور ادارے جتنی مدد کر رہے ہیں وہ کم ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہے انہیں چاہیے پہلے اس پر ووٹنگ کرائیں پھر اجلاس بلائیں، شیریں مزاری کی گرفتاری میں حکومت کا یا کسی اور کا کوئی عمل دخل نہیں، متعلقہ ادارے نے قانون کے مطابق انکی گرفتاری کی۔