اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے متعلق کابینہ جو فیصلہ کرے گی اس پر عملدرآمد ہوگا، ملک کو نقصان پہنچانے اور نیچے گرانے میں عمران خان نے کوئی کثر نہیں چھوڑی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کی تاریخ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پرامن احتجاج سب کا حق ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد آنے کی اجازت دینی ہے یا نہیں، فیصلہ اتحادی کریں گے، اگر روکنے کا فیصلہ ہوا تو انہیں گھروں سے بھی نہیں نکلنے دیں گے، افراتفری کی کوشش کی گئی تو گرفتاریاں ہونگی، پھر قانون اپنا راستہ بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو یوم تکبیر ہے، آج پاکستان کی بنیاد ایٹمی قوت ہے، اگر پاکستان اسلامی ایٹمی قوت نہ بنتا تو دشمن ہمیں زیر کردیتا، 28 مئی کے جلسہ کی تیاری کے لئے آیا ہوں، وزیر اعظم شہباز شریف، مریم نواز جلسہ سے خطاب کریں گے، اگر حالات مناسب نہ ہوئے تو حمزہ شہباز نمائندگی کریں گے۔